نئی دہلی (نیٹ نیوز) مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف بھارتی ریٹائرڈ فوجی افسران اور بیوروکریٹس بھی میدان میں آ گئے اور انہوں نے اس اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ عدالت میں دائر درخواست میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے صدارتی حکم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ اقدام غیر آئینی ہے ۔مدعین میں سابق ایئر وائس مارشل کپل کاک، میجر جنرل (ر) اشوک مہتا، سابق بیوروکریٹس ہندال حیدر طیب جی، امیتابھ پانڈے اور گوپال پیلائی شامل ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ کشمیر کی آئین ساز اسمبلی کی جانب سے صدارتی حکم کی توثیق ضروری ہے اب چونکہ یہ اسمبلی موجود نہیں ہے اس لئے صدارتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکتا۔مودی حکومت کا اقدام ان اصولوں پر کاری ضرب ہے جن کی بنیاد پر کشمیر کا بھارت سے الحاق ہوا تھا جبکہ اس حوالے سے خود کشمیر کے رہنے والوں سے کوئی صلاح مشورہ بھی نہیں کیا گیا۔