نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ سامنے آگیا، 18 فروری کو بھارتی میڈیا نے شور مچایا کہ پلواما حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبدالرشید غازی عرف کامران کو ایک مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا نے نہ صرف ان پر جیش محمد کا رکن ہونے کا الزام لگایا بلکہ ان کی تصویر کو بھی خوب چلایا ۔لیکن جھوٹ پھر جھوٹ ہے ، پتا چلا وہ تصویر ہی جعلی تھی جو ایک کمپیوٹر ایپلی کیشن کی مدد سے تیار کی گئی ۔ یہ وہی ایپلی کیشن ہے جس کے ذریعے مشہور امریکی گلوکار جان بان جووی کی بھی جعلی تصاویر شائع کی جا چکی ہیں ۔جعلی خبروں کا بھانڈا پھوڑنے والی ویب سائٹ کے مطابق عبدالرشید غازی کے مبینہ نام سے جاری تصویر کو جب گوگل پر ریورس امیج سرچ کیا گیا تو پتا چلا ٹوئٹر پر تو پہلے ہی بہت سے لوگ اسے جعلی قرار دے چکے ہیں۔بھارتی میڈیا کے اس عمل کا سوشل میڈیا پر بھی خوب مذاق اڑایا جارہا ہے ۔سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا جا رہا ہے اگر بھارتی میڈیا جعلی تصویر نشر کر سکتا ہے تو پھر بھارتی عوام کو مزید کون کون سے جھوٹ سنائے جا رہے ہیں۔