ممبئی (شوبزڈیسک) بھارت میں لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے انتخابات ختم ہوتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو ریلیز کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کو بھارتی انتخابات سے کچھ دن قبل 5 اپریل کو ریلیز کیا جانا تھا۔تاہم حریف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد فلم کی نمائش ملتوی کردی گئی تھی۔نمائش مؤخر کرنے کے بعد فلم کی ٹیم نے اعلان کیا تھا کہ اسے انتخابات کے ختم ہوتے ہی ریلیز کردیا گیا جائے گا۔فلم کی ٹیم نے ’پی ایم نریندر مودی‘ کو 24 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب اسے بھارت بھر میں ریلیز کردیا گیا۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ’پی ایم نریندر مودی‘ کو 24 مئی کو بھارت بھر کی سینماؤں میں پیش کردیا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شاندار کامیابی کے بعد فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر فلم نے ریلیز کے پہلے دن 5 کروڑ کے لگ بھگ کی رقم بٹوری جو اتنی اچھی کمائی نہیں، تاہم امکان ہے کہ فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی۔