نئی دہلی (این این آئی )بھارتی سپریم کورٹ کی سابق ملازمہ نے بھارتی چیف جسٹس پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا۔خاتون نے الزام لگایا کہ چیف جسٹس رانجن گوگوئی نے اپنے گھر پرمجھے جنسی ہراساں کیا اور واقعے کے 2 ماہ بعد نوکری سے ہٹا دیا گیا۔35 سالہ سابق خاتون جونیئر کورٹ اسسٹنٹ نے الزام عائد کیا کہ جسٹس گوگوئی نے اکتوبر 2018 میں اپنی رہائشگاہ سے منسلک دفتر میں انہیں نامناسب طریقے سے چھونے اور زبردستی گلے لگانے کی کوشش کی۔بھارتی چیف جسٹس مزاحمت کے باوجود ان سے جسمانی تعلق قائم کرنے پر اصرار کرتے رہے اور ٹھکرانے پر نہ صرف انہیں نوکری سے نکال دیا گیا بلکہ ان کے خاندان کو دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران بھارتی چیف جسٹس نے سابق سٹاف ممبر کے الزامات کی تردید کر دی اور الزامات کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا عدلیہ کی آزادی کو سنگین خطرہ ہے ، یہ الزامات عدلیہ کو غیر مستحکم کرنے کی بڑی سازش ہے ۔