ملتان (اے پی پی)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور بھارتی چینلز کی غیرقانونی نشریات ہرصورت ختم کی جائیں گی،انڈین ڈی ٹی ایچ ثقافتی ، مذہبی اقدار کیلئے تباہ کن ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں کیبل آپریٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ یہ ملاقات انہوں نے ریجنل آفس ملتان کے دورے کے موقع پرکی۔ انہوں نے کیبل آپرٹرز سے کہا کہ اپنی نشریات کوپیمرا قوانین کے مطابق ڈھالیں ورنہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کامجاز ہوگا۔انہوں نے کیبل آپریٹر کے تمام جائز مطالبات کوجلد ازجلد منظور کرنے اور انڈسٹری کودرپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔بعدازاں انہوں نے ریجنل آفس کے سٹاف سے ملاقات کی ۔اس موقع پر انہیں ملتان ریجن کی لائسنسنگ،قوانین کے نفاذ، ریکوری اور دیگر عملی سرگرمیوں اور غیرقانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اورچینلز کے خلاف جاری مہم سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیمرا نے دیگراداروں کے ہمراہ چھاپے مارکر 222سی لائن ریسیور،273ایل این بی ،66ڈش اینٹینا اور دیگرسامان قبضے میں لیا گیا ہے ۔