نئی دہلی (این این آئی)بھارتی دارلحکومت نئی دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کرنے والے بھارتی کسانوں نے احتجاج کے 100ویں روز یوم سیاہ منایا ،کسانوں نے اہم شاہراہیں بلاک کرکے دھرنے دیئے ،کسانوں نے مظاہروں کا نیا پلان تشکیل دیدیا، بھارتی حکومت تنقید نے کرنیوالی شوبز شخصیات کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردیں۔ انکم ٹیکس چوری کا الزام لگاتے ہوئے اداکارہ تاپسی پنوں اور فلمساز انوراگ کشیپ کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ ہی نہیں بلکہ دیگر معروف پروڈیوسرز اور فلمسازوں کیخلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کسان رہنما درشن پال سنگھ کے مطابق احتجاجی تحریک کی شکل اب بدل چکی ہے ۔بھارتی کسانوں نے ہفتہ کو ہریانہ میں چھ رویہ کنڈلی مانی سر پلوال ایکسپریس وے بند کردی اور اپنے احتجاج کے 100ویں دن کویوم سیاہ کے طور پر منایاجبکہ 8 مارچ کو یوم خواتین کے موقع پر ملک بھر میں کسانوں کی تحریک خواتین چلائیں گی۔دریں اثنابھارتی کسانوں نے مودی سرکار کو پریشان کر دیا، بوکھلاہٹ کی شکار بھارتی حکومت نے تنقید کرنیوالی شوبز شخصیات کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ۔