لندن(غلام حسین اعوان،92نیوزرپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے بھارتی ہٹلر نے ظلم کی انتہا کر دی،کشمیرکی خاطرخون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور اسے آزاد کرائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان اورپاک فوج کاپیغام واضح ہے ،بھارت میں رہنے والے مسلمان خوفزدہ جبکہ کشمیری عوام خوراک اور ادویات سے بھی محروم ہیں۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم نے متحدہوکراپنے کردارکامظاہرہ کرناہے ،اقوام عالم کو چاہیے کہ برصغیرکوآگ اورخون کی ہولی سے بچائے ،مودی نے لوک سبھامیں ایک بھی مسلمان کومنتخب نہیں ہونے دیا،آج نہیں توکل کشمیرکامسئلہ حل ہوکررہے گا،کشمیرکاکیس گلی گلی کوچے کوچے میں جاکرلڑیں گے ،میراجینامرناپاکستان اورکشمیرکیساتھ ہے ،معیشت کی بہتری اس وقت پاکستان کاسب سے بڑاچیلنج ہے ،سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت سے شراب اورمنشیات سمگل ہورہی تھی،سمجھوتہ ایکسپریس بند رہے گی،اسے پہلے بندہوجاناچاہئے تھا۔بھارتی وزیراعظم نے کشمیر میں چھیڑ چھاڑ کرکے بہت بڑا رسک لیا ہے ،کشمیر کی تحریک اب اصل معنوں میں شروع ہو ئی ہے ، پاکستان جاکر روالا کوٹ اور اگلے مورچوں پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کروں گا ۔برطانیہ میں میں ہونے کے باوجود لندن کے احتجاج میں جان بوجھ کر شرکت نہیں کی، میں نہیں چاہتا تھا کوئی مسئلہ کھڑا ہو،دنیا کو پتہ چل چکا ہے کہ بھارت کس طرح کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے ،سفارتی محاذ پر بھی بھارت اکیلا ہو رہاہے ،آرٹیکل370اور35اے کا خاتمہ کر کے مودی سرکار نے اپنی سیاسی موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے ہیں اور دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر ہو ہونے والے مظالم اور ہندو مکاری کھل کر سامنے آچکی ہے ۔