کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب ملک کے طول و عرض میں بھوک بڑھ رہی ہے اوراگر بھوک پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تواس کی بھاری سیاسی و اقتصادی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔کئی دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی فوڈ سیکورٹی کو ہر شہری کا بنیادی حق قرار دینے کے لئے قانون سازی کی جائے تاکہ آج کے صحت مند بچے کل معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے مگر اسکے باوجود فوڈ سیکورٹی کا سنگین مسئلہ موجود ہے کیونکہ اشیائے خورد و نوش کی کوئی کمی نہیں مگر انکی قیمت زیادہ ہے جسکی وجہ سے غریب غذائیت حاصل نہیں کر پاتے ۔انھوں نے کہا کہ بھوک مٹانے کے لئے اقتصادی مواقع کی فراہمی ،دولت کی مساوی تقسیم، زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی اور سرپلس پیداوار کو ضائع کرنے کے بجائے غریبوں تک پہنچانا ضروری ہے ۔