کراچی،لاڑکانہ،لاہور(سٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ،خبرنگارخصوصی ) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 41 سال بعد بھی ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں، جبکہ ان کے قاتل آج بھی تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے عوام کو شعور دیکر استحصالی قوتوں کو شکست دی تھی، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے عوام کی حکمرانی کے اصول پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔لاڑکانہ سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام ، سٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی میکینیکل کمپلیکس، پاکستان مشین ٹول فیکٹری جیسے بڑے منصوبے تشکیل دیئے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اپنے اجداد کی میراث کو جاری رکھیں گے اور ہر قیمت پر عوام کا تحفظ کریں گے ۔دریں اثنا پیپلزپارٹی کے بانی چیئر مین ذوالفقارعلی بھٹو کی بری آج سادگی سے منائی جائے گی۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ساری پارٹی گھروں میں رہ کر منائے گی۔ کورونا کی وبا کی وجہ سے کوئی اجتماع نہیں کیا جائے گا، جیالے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس کی ڈی پی پر بھٹو صاحب تصاویر رکھیں، کارکن سوشل میڈیا پر بھٹو صاحب کی تقاریر اور پیغام پھیلائیں، پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا کہ جو پیسے بھٹو شہید کی برسی کیلئے رکھے گئے تھے جیالے وہ غریب ہمسائے کے راشن پر خرچ کریں۔سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضی نے کہا کہ کورونا کی وبا ہمیں برسی کے اجتماعات سے تو روک سکتی ہے خدمت سے نہیں۔ یہ بھٹو شہید اور عوام کا قرض اتارنے اور اپنا فرض نبھانے کا وقت ہے ۔