مکرمی! کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں ایک طرف تمام کاروبار حیات ٹھپ پڑا ہے ، لوگ گھروں میں بند ہیں مگر جہاں جائیں جس چوک پر نظر دوڑائیں وہاں حکومت کے تمام تر اقدامات اور حفاظتی انتظامات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بھکاریوں کی فوج ظفر موج دندناتی نظر آتی ہے۔ انہیں کوئی روکنے ٹوکنے والا نظر نہیں آتا۔ اشارے پر گاڑی رکتے ہی ہر چوک پر کھڑے یہ درجنوں مرد و زن بچے اور بوڑھے پیشہ ور بھکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ کیا ان کا جم غفیر کرونا کی پابندیوں سے آزاد ہوتا ہے کیا یہ لوگ کرونا پھیلانے میں معاون ثابت نہیں ہو رہے۔ یہ ہزاروں لوگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح سویرے لاہور کے نواح سے کس طرح شہر میں داخل ہوتے ہیں۔ انہیں ناکوں پر کیوںنہیں روکا جاتا۔ ان کی غیر قانونی بستیوں میں کرونا ٹیسٹ کرایا جائے تو ہولناک نتائج سامنے آ ستے ہیں۔ حکومت پنجاب اس بات کا نوٹس لے اور شہریوں کو ان پیشہ ور بھکاریوں سے بچائے۔ (پروین خان ۔ لاہور)