بھیرہ /ملتان ( نامہ نگار ،جنرل رپورٹر)دریائے جہلم میں گاگا پتن کے قریب دو نوجوان بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے اس افسوس ناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں لوگ دریائے کنارے پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والے بچوں 12سالہ واجد وحید اور اس کے سیالکوٹ سے آئے 17سالہ کزن سفیان یونس کی لاشوں کو ڈھونڈنے کی کوششیں شروع کر دیں ۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سفیان یونس کی لاش دریا سے ڈھونڈ نکالی جبکہ دوسرے بچے واجد وحید کی تلاش رات گئے تک جاری تھی تاہم 1122ریسکیو ٹیم بھی بھیرہ پہنچ گئی لیکن شام ہونے کی بناء پرانہوں نے ریسکیو کام میں حصہ نہیں لیا ،آج صبح واجد وحید کی لاش ڈھونڈنے کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا ۔علاوہ ازیں ملتان کے علاقہ شجاع آباد میں ماں کی گود سے 3 ماہ کا بچہ نہر میں گر کر ڈوب گیا ۔ قائم والا پل سے اﷲ وسایا اپنی بیوی اور تین ماہ کے بیٹے کاشف کے ہمراہ موٹر سائیکل پرجا رہا تھا،ٹریکٹر ٹرالی پاس سے گزرنے کی وجہ سے وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا،جس کی وجہ سے تین ماہ کا کاشف ماں کی گود سے نہر میں گر گیا ۔ریسکیو 1122 نے تلاش شروع کر دی ۔