کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ) پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بینظیربھٹوشہید کا 68واں یوم پیدائش آج منایا جائیگا۔اس حوالے سے ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات ہونگی اورسابق وزیر اعظم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی ہوگی۔لاہور،کراچی،لاڑکانہ،حیدرآباداسلام آباد سمیت ملک بھرمیں ضلعی اور مرکزی دفاترمیں تقاریب ہونگی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں،تقاریب میں پارٹی قائدین کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔شہید بینظیر بھٹو کے 68 ویں یومِ ولادت کے موقع پر بیان میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا سال گزریں یا صدیاں شہیدبینظیربھٹوکی طویل جدوجہد،عظیم قربانی اورانسان دوست فلسفہ لازوال ہیں اور ان کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے ،آج جب پاکستان میں گورننس ڈی ریل ہے ، ادارے یرغمال اورعوام سفاک کارٹیلزکے رحم و کرم پر ہیں،ایسے میں ہرمحبِ وطن پاکستانی کا دخترِ مشرق کے عوام دوست ویژن کی کمی محسوس کرنا فطری ردعمل ہے ۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک تحریک کانام ہے اور عوامی تحریکیں تاریخ کی ماں ہوتی ہیں،نئے ادوار کو جنم دیتی ہیں،بطورسیاسی رہنما شہیدبینظیر بھٹو نے عوامی سطح پر جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا، تو دوسری جانب ایک منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لئے ہم آہنگی پیدا کی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹونے اپنے والد آصف زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اورکہاانہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لئے بغیر کسی فردِ جرم کے 12 برس جیل میں گزارے ،میرے والد نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973 کے آئین کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، پاک چین اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھی اور غریبوں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت بہت کچھ کیا۔