خیبر پختونخواہ کے میگا پروجیکٹ بی آر ٹی میں مزید پانچ ماہ کی تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیاہے۔ منصوبے کے ریچ تھری میں کئی جگہوں پر خامیوں کے باعث زیادہ وقت لگنے کا خدشہ ہے۔ تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں شہریوں کی سہولیات اور ٹریفک کے مسائل سے چھٹکارے کے لئے بی آر ٹی منصوبہ شروع کیا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے یہ منصوبہ شہریوں کے لئے سہولت کی بجائے اذیت کا باعث بن چکا ہے پچھلے دور حکومت میں یہ منصوبہ مکمل ہونا تھا لیکن کام کی رفتار نے اسے لٹکا دیا۔ اس کے باعث پشاور کے شہری مصیبت میں مبتلا ہیں۔ خیبر پی کے حکومت ہر پانچ ماہ کے بعد منصوبے کے افتتاح کی نئی تاریخ دے دیتی ہے جو اس کے لئے جگ ہنسائی کا باعث بنتی ہے۔ جنوری 2020ء میں منصوبے کے افتتاح کی نوید سنائی گئی تھی لیکن نقشے کے مطابق کام نہ کرنے کے باعث اب ریچ تھری میں کافی خامیاں سامنے آئی ہیں۔ جس کے باعث منصوبے کی تکمیل کے لئے ابھی پانچ ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔ پشاور کے شہریوں کے لئے یہ خبر صدمے سے کم نہیں ہے کیونکہ پی آر ٹی منصوبے کے گردو نواح میں کاروبار بالکل تباہ ہو چکے ہیں۔چند روز قبل اورنج میٹرو ٹرین کے منصوبے میں کافی خامیاں سامنے آئی تھیں۔ جس پر تحقیق جاری ہے۔ اسی طرح نیب، ایف آئی اے بی آر ٹی پشاور اور اورنج ٹرین منصوبے میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں اور تاخیر کی تحقیق کرے تاکہ دونوں صوبوں کے عوام کے ضیاع ہونے والے پیسے کی ریکوری کو یقینی بنایا جا سکے۔