پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پشاور میں بی آر ٹی کی تکمیل کیلئے ایک اور ڈیڈ لائن مل گئی، خیبر پختونخوا حکومت نے منصوبے کی تکمیل کیلئے چوتھی بار دسمبر 2019 تک کی ڈیڈ لائن دی، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ تین ماہ میں تیار ہوجائے گا۔ بدقسمتی سے یہ بہت بڑا منصوبہ ہے ، ہماری غلطی ہے کہ ہم نے کہا کہ یہ منصوبہ چھ ماہ میں مکمل کرینگے ۔جب یہ منصوبہ شروع ہوا تو بہت سے لوگ چاہتے تھے یہ منصوبہ شروع ہی نہ ہو، اکتوبر 2017سے شروع ہونے والا منصوبہ ابھی تک نامکمل ہے ، سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے منصوبے کی تکمیل کی مدت 6ماہ رکھی تھی، پہلی ڈیڈ لائن مئی 2018کی دی گئی،دوسری ڈیڈ لائن نومبر 2018کی دی گئی، تیسری ڈیڈ لائن 23مارچ 2019دی گئی ،دسمبر2019چوتھی ڈیڈ لائن دے دی گئی، وزیر اعلیٰ محمود خان بھی ایک بار ڈیڈ لائن دے چکے ہیں ۔بی آر ٹی منصوبے کو شروع ہوئے دوسال ہوگئے ہیں۔