لندن ( نیٹ نیوز) برطانیہ کے شاہی خاندان سے اپنے شوہر شہزادہ ہیری کے ساتھ الگ ہونے والی میگھن مارکل نے کہا ہے کہ جارج فلائیڈ کی زندگی اہمیت رکھتی ہے ۔ امریکہ میں سیاہ فام فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر احتجاج کرنے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میگھن نے کہا فلائیڈ کی زندگی اہم ہے ، ٹیلر کی زندگی اہم ہے ، سٹائل کی زندگی اہم ہے ، تامر رائس کی زندگی اہم ہے ، اسی طرح دوسرے نام اہم ہیں جن کو ہم نہیں جانتے ، ڈیلی مرر یوکے کے مطابق لاس اینجلس میں اپنے سابق سکول ’’اما کیو لیٹ ہارٹ ہائی‘‘ میں گریجوایٹ طلبہ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے میگھن نے کہا گزشتہ ہفتے سے ہم اپنے ملک، ریاست اور شہر میں جو دیکھ رہے ہیں وہ تباہ کن ہے ۔ میگھن نے اعتراف کیا کہ وہ سوچتی تھی کہ اس معاملے پر کیا بات کی جائے ، لیکن میں نے محسوس کیا کہ اس موقع پر کچھ نہ کہنا غلط ہوگا، میں نو عمر وں سے بھی معذرت خواہ ہوں کہ وہ اس دور میں بڑے ہو رہے ہیں جس میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے ۔ ہم شرمندہ ہیں کہ ہم انہیں ایسی دنیا نہیں دے سکے جس کا انہیں حق حاصل تھا ۔ انہوں نے کہا مجھے یاد ہے جب میں 11 سال کی تھی اور لاس اینجلس میں نسل پرستی کی وجہ سے ہی فسادات برپا ہوئے تھے ، اس وقت کا کرفیو ، عمارتوں کی آتشزدگی اور لوگوں کا رائفلز پکڑے ہونا مجھے یاد ہے ۔اپنے جذباتی خطاب میں انہوں نے کہا اب لوگ اور طبقات اکٹھے ہو رہے ہیں کہ ہمیں ان حالات کو درست کرنا ہے اور آپ بھی اس تحریک کا حصہ بننے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کو کہا کہ وہ بھی اس تعمیر نو کا حصہ بن سکتے ہیں، ہم سب کچھ نئی تعمیر کرنے جارہے ہیں کیونکہ بنیادیں ہل جائیں تو ایسا کرنا ہوتا ہے ۔