کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی اور سندھ حکومت بیراج بنانے پر متفق ہوگئیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی حکومت کے وفد نے وفاقی وزیر برائے آبی ذخائر فیصل واوڈا کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں سندھ بیراج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو بتایا ڈاؤن سٹریم کوٹری میں پانی نہ جانے کی وجہ سے سمندرآگے کی جانب بڑھ رہا ہے اور زمین سمندر برد ہورہی ہے ۔ چیئرمین واپڈا نے تجویز دی سمندر سے پہلے 45 کلو میٹر پر بیراج تعمیر کیا جائے ،بیراج کے دونوں اطراف ایک ایک نہر تعمیر کی جائے ،دائیں کنارے پرگھوڑا باڑی اور گھارو تک اور بائیں کنارے پر سجاول سے گولارچی تک کینال ہوگی،پراجیکٹ پر کام 2021 میں شروع ہوجائے گا۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہر کام میں سندھ حکومت کو اعتماد میں لیں گے ۔صحافیوں سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا وزیراعظم عمران خان سندھ کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، کوئی تعصب نہیں ہے ، پاکستان اور صوبہ سندھ سب کا ہے ،ایک دوسرے کے پاس بار بار آئیں گے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ دوریاں ختم کی جائیں۔مشیر اطلاعات سندھ مرتضٰی وہاب نے کہا ہم سب کامفاد پاکستان کی بہتری اور عوام کی ترقی ہے ۔