اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دھماکوں میں بڑے پیمانے پر قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہزاروں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت بنی گالہ میں پنجاب میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں کیلئے اجلاس ہوا جس میں ابتدائی مشاورت مکمل کرتے ہوئے مجوزہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست،انتخابی مہم اوردیگرامورپرحکمت عملی طے کرلی گئی۔ اجلاس میں گورنرپنجاب اوراعجازچو دھری، وفاقی وزیر فواد چودھری اورعثمان ڈار شریک ہوئے اور اپنی تجاویز پیش کیں ۔وزیراعظم کواین اے 75 ڈسکہ اورپی پی 51وزیرآبادمیں ضمنی الیکشن کی تیاری پررپورٹ پیش کی گئی ۔پارٹی سفارشات کی بنیاد پر امیدوار وں کی نامزدگی کا فیصلہ وزیر اعظم خود کرینگے ۔دریں اثنا وزیراعظم سے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپین اصلاح الدین نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں ہاکی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کریگی۔