لاہور، اسلام آباد،کراچی،فیصل آباد، کوالالمپور (نامہ نگار،خصوصی رپورٹر،این این آئی،92 نیوزرپورٹ)کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی جاری ہے ، گزشتہ روز بھی764پاکستانی امریکہ،دبئی اور سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے ،بیرون ملک پھنسے رجسٹرڈ پاکستانیوں میں اضافہ ہوگیا اوریہ تعداد1 لاکھ 3 ہزار تک پہنچ گئی۔ملائیشیا سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے بھی خصوصی پروازوں کااعلان کردیاگیا۔لاک ڈائون کی وجہ سے امریکا میں پھنسے 218 پاکستانی مسافر کراچی پہنچ گئے ۔قومی ایئرلائن کی دو پروازوں پر دبئی سے مزید296 پاکستانی واپس پہنچ گئے ، دونوں پروازوں کے ذریعے دو پاکستانیوں کی میتیں بھی واپس لائی گئیں۔ سعودی عرب سے 250 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز لاہورپہنچ گئی، 16 مئی کو پی آئی اے کی پرواز مدینہ منورہ سے 250 پاکستانیوں کو لیکر کراچی پہنچے گی۔جدہ سے پی آئی اے کی پرواز18مئی کو250 پاکستانیوں کو لے کر فیصل آباد روانہ ہوگی۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8749 اسلام آباد سے 355 مسافروں کولے کر پیرس پہنچ گئی جبکہ پیرس سے واپسی پر یہ پرواز 150 مسافروں سمیت تین میتوں کو لیکر لاہور روانہ ہوگئی۔مسافر عالمگیر وبا کورونا کے باعث فلائٹ آپریش بند ہو جانیکی وجہ سے پاکستان رْکے ہوئے تھے ۔ پاکستانی ہائی کمشنرآمنہ بلوچ کی کاوشوں کی بدولت خصوصی پروازوں کا انتظام کرلیاگیا،پاکستانی قیدیوں کی عید سے قبل واپسی کیلئے خصوصی پروازوں کاانتظام کیاگیا۔پی آئی اے نے یورپ کیلئے مزید پروازوں کا اعلان کر دیا۔ بیرون ملک بیروزگاراورپھنسے پاکستانیوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ دستاویزکے مطابق 21 ہزار808 پاکستانی بیرون ملک نوکریوں سے فارغ کر دیئے گئے ۔متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی مجموعی تعدادساڑھے 69 ہزار، سعودی عرب میں15 ہزار876، قطر میں ساڑھے 5ہزار، اومان میں 5 ہزار134، کویت میں 5 ہزار400، ملائیشیا میں917ہے ۔