اسلام آباد سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت 2لاکھ افراد کو قطر اور دیگر ممالک میں بھجوانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ صورت حال یہ ہے کہ موجودہ حکومت تو 9ماہ میں 2لاکھ افرادی قوت کو بیرون ملک نہیں بھیج سکی لیکن اس کے برعکس بھارت نے صرف چار ماہ کے عرصہ میں اپنے پونے چار لاکھ ہنرمند افراد کو قطر بھجوادیا۔۔ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کا چارج سنبھالتے وقت وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری نے یہ دعویٰ کیا تھا نہ صرف قطر میں پاکستانیوں کو حصول روزگار کے لئے بھجوایا جائے گا بلکہ قطر کے اندر ایک ویزا فیسلٹیشن دفتر بھی قائم کیا جائے گا لیکن پون سال گزرنے پر لوگوں کو باہر بھجوایاگیا اور نہ ہی قطر میں دفتر قائم ہوا۔ دیکھا جائے تو اس میں سراسر قصور سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کا ہے‘ بہرحال جو ہوا سو ہو اب بہتر یہی ہو گا کہ حکومت اپنے وعدوں اور دعوئوں کے مطابق ملک کے کم پڑھے لکھے مگر ہنر مند افراد کو قطر اور دیگر ممالک میں بھجوانے کا بندوبست کرے۔ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کو فعال کیا جائے ‘بیرون ممالک میں اپنے سفارتخانوں اور لیبر اتاشیوں کو متحرک کیا جائے جو 70سال پرانی ڈگر پر چل رہے ہیں ۔بھارتی سفارتخانے ہمیشہ فعال اور لابنگ میں مصروف رہتے ہیں۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وزارت اوورسیز نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرے بلکہ سمندر پار روزگار کے مواقع تلاش کرے تاکہ ملک میں خوشحالی آ سکے۔