اسلام آباد(خبرنگار خصوصی؍ نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان نے حکومت کے خاتمے کے بعد اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یوں تو پاکستان 1947 میں ایک آزاد ریاست بنا مگر تبدیلی اقتدار کی ایک بیرونی سازش کیخلاف آزادی کی ازسرِ نو جدوجہد کا آج نکتہ آغاز ہے ، ہمیشہ یہ کسی ملک کے عوام ہی ہوا کرتے ہیں جو اپنی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ و دفاع کرتے ہیں۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا آخری گیند تک لڑا، جلد واپس آئیں گے ۔ عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکی حمایت سے رجیم چینج کے خلاف نکلنے پر پاکستانیوں کا شکریہ،ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ ا ٓئے ،عوام نے امریکی حمایت سے حکومت کی تبدیلی کیخلاف جذبات دکھائے ،مقامی میر جعفروں نے امریکہ کی ملی بھگت سے حکومت تبدیل کی،مقامی میر جعفر وہ ٹھگ ہیں جو ضمانتوں پر رہا ہیں،پاکستانی ملک میں ہوں یا اوورسیز ،سب نے یہ گٹھ جوڑ مسترد کردیا۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے ازخود باہر نکلنے کا واقعہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا، عوا م نے ڈاکوئوں کی سربراہی میں بننے والی امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا۔ علاوہ ازیں عمران خان اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔دونوں رہنماؤں میں موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔پرویز الٰہی نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ سیاسی معاملات مل کر چلائیں گے ۔عمران خان نے کہا پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے لئے آپ کو مکمل سپورٹ کریں گے ۔