لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک سے حاصل کئے گئے قرضوں کی تفصیلات منظر عام پر لانے اور حکومت کو بیرونی قرضے لینے سے روکنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو یکم نومبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواستگزار وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جی ڈی پی کی حقیقی شرح چھپائی، وکیل نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجود حکومت نے بھی بیرونی قرضے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،بیرونی قرضوں کی وصولی سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو جائے گا ۔وکیل نے بتایا کہ بیرون ملک قرضوں کی تفصیلات چھپائی گئیں جبکہ قرضوں کی تفصیلات منظرعام پر لائے بغیر معاشی سمت کو درست نہیں کیا جا سکتا۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو بیرون ملک سے لیے گئے تمام قرضوں کی تفصیلات منظرعام پر لانے کا حکم دے ۔