پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے اور 290کلو میٹر تک وار ہیڈز کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل ’’غزنوی‘‘ کا کامیاب تجربہ کر کے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کر لیا ہے۔ یہ تجربہ آرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ کی تربیتی مشن کا حصہ ہے ۔غزنوی میزائل کا تجربہ پاکستانی افواج کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر پوری قوم فخر کر سکتی ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا بھی ہر کہیںامن کا خواہشمند ہے۔ وہ دنیا کی تمام طاقتوں اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے لیکن اس کا پڑوسی ملک بھارت اشتعال انگیز کارروائیاں کر کے اور اپنے ہاں ہتھیاروں کے ڈھیر لگا کر علاقے میں طاقت کے توازن کو خراب کرتا رہتا ہے۔ اس نے غیر ضروری طور پر خطے میں اسلحہ کی دوڑ شروع کر رکھی ہے۔ حالیہ تاریخ میں تو گویا وہ ایک جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اس نے لاکھوں فوجی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے تعینات کر رکھے ہیں۔ پاکستان کی سرحدوں کے آس پاس ہونے والی سرگرمیوں کی وجہ سے اسے سکیورٹی کے نئے چیلنج درپیش ہیں جس کے لئے پاکستان کو اپنی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے ۔خطے کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر غزنوی میزائل کا کامیاب تجربہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ یہ آرمی سٹریٹجک فورس کی پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے نئی جہتوں اور دفاعی صلاحیتوں کے نئے امکانات کا باعث بنے گا۔