صنعاء (این این آئی)یمن میں میزائل لانچنگ پیڈ پردھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں درجنوں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔یمنی فورسزکے مطابق باغی الحدیدہ میں میزائل داغنے کی کوشش کررہے تھے ،خودشکار ہوگئے ۔یمن کی جوائنٹ سیکرٹری فورسز کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا شمال مشرقی الحدیدہ میں 16 کلو میٹر مشرق میں ایک بیلسٹک میزائل داغنے کی کوشش کررہے تھے مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سعودی عرب پرحوثی ملیشیا کی طرف سے پانچ بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے ۔ بیان میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل اپنے لانچنگ اڈے پرہی دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے آواز دور دور تک سنی گئی جس کے نتیجے میں الحدیدہ کے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔دھماکے کے مقام پرروشنی اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے جس نے شہر کے شمال مشرقی علاقوں کو بھی روشن کردیا۔دریں اثنایمن میں حکومت نے حوثی ملیشیا کے زیر کنٹرول علاقوں میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی روکے جانے کی تمام ذمے داری باغی ملیشیا پر عائد کی ہے ۔