ماسکو (شاہد گھمن سے ) روس نے قراردیا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا اہم نکتہ طویل المیعاد مکمل جنگ بندی ہونا چاہئے ۔گزشتہ روز ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخارووانے صحافیوں کو روس میں کوروناوائرس، افغانستان اورمشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم ایشوز پر ہفتہ وار بریفنگ دی۔ انہوں نے افغانستان سے متعلق مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں افغان حکومتی افواج کیخلاف طالبان کی مسلح سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔تاہم ہمیں یقین ہے کہ طالبان امریکہ کیساتھ طے معاہدوں پر عمل کر رہے ہیں۔ ہم ایک بار پھر دونوں اطراف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد ازجلد قومی مفاہمت کے ایجنڈے پر ٹھوس بات چیت کا آغاز کیا جائے ۔ بریفنگ دی ، نمائندہ 92نیوز شاہدگھمن کی جانب سے پریس بریفنگ میں سوال کیا گیا کہ روس کی جانب سے کوروناوائرس کیلئے ویکسین سپوتنک وی روسی مارکیٹ میں آچکی ہے کیا یہ ویکسین دوسرے ممالک برآمدکی جارہی ہے ؟ جس پر ماریہ زخاروواکا کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہم عالمی ادارہ صحت کے اقدامات کی پیروی کر رہے ہیں۔ روسی ویکسین سپوتنک وی کا دنیا کی پہلی ویکسین کے طورپر اندراج ہوچکا ہے ، روس بھر میں اسکی ترسیل جاری ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کی مشاورت سے دوسرے ممالک کوویکسین کی ترسیل کیلئے اقدامات کی کوشش کررہے ہیں۔ مستقبل قریب میں روسی سائنسدانوں کی تیارکردہ نئی ویکسین بھی پیش کی جائینگی۔