لاہور ،راولپنڈی،اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار ، نامہ نگارخصوصی،سٹاف رپورٹر ،ایجنسیاں) ملک بھر میں بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال کردیا گیا جبکہ ٹرین آپریشن میں توسیع کرتے ہوئے مزید 10 گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بین الاقوامی پروازیں بطورفیری فلائٹس پاکستانی ایئر پورٹس پر اتریں گی،کسی شخص کو طیارے سے باہر آنے کی اجازت نہیں ہوگی،اندرون ملک فضائی آپریشن میں یکم جون سے توسیع کی گئی ہے اس میں اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ شامل ہوں گے ، ڈومیسٹک آپریشن40تا 45 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، 31 مئی کے بعد کیلئے بھی ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ جاری رہے گی،لاہور میں جمعہ تا اتوار مارکیٹیں کھلنے کے حوالے سے تاجرتذبذب کا شکار رہے ،لاہور سے نامہ نگار کے مطابق غیر واضح اعلان کے باعث مارکیٹیں لیٹ کھلیں جبکہ شام 7بجے تک کام جاری رہا ، لاہور چیمبرز آف کامرس کے صدر عرقان اقبال شیخ کی جانب سے رابطہ پر ڈی سی لاہور نے بتایا21جولائی کے نوٹیفیکیشن پر ہی عمل کیا جائے ، عرفان اقبال شیخ نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ حکومت کی جانب سے کوئی واضح پالیسی دکھائی نہیں دی گئی ۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بازار بھی کھول دیئے گئے ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں کھلی رہیں گی، مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز نظر انداز کر دیئے گئے ہیں،سندھ میں آن لائن سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے ایس او پیز تیارکر لئے گئے ۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق پروازیں بطورفیری فلائٹس گوادر اور تربت کے سوا تمام پاکستانی ایئر پورٹس پر اتر سکیں گی،کسی شخص کو طیارے سے باہر آنے کی اجازت نہیں ہوگی ، یہ پروازیں پھنسے شہریوں کو لیکر جائیں گی ۔جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق گزشتہ رات 12 بجے سے غیر ملکی ائیرلائن کے خالی طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی ہے ،نوٹم جاری کرنے کے بعد ترجمان کا کہنا ہے کہ غیرملکی ایئرلائنزسی اے اے قواعدوضوابط کیلئے وضع ایس او پیزپرعمل کریں گے ۔92نیوز رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ دوسری طرف 31 مئی کے بعد بھی ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ جاری رہے گی،آن لائن کے مطابق مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس سلسلے میں شیخ رشید نے وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی جب کہ مزید مشاورت کیلئے کل ریلوے حکام کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ، ٹرینوں کی بحالی کا معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں بھی زیربحث آیا ہے ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یکم جون سے مزید 10 مسافر ٹرینیں چلا رہے ہیں جس کے بعد 142 مسافر ٹرینوں میں سے 40 ٹرینیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کو طے شدہ ایس او پیز کے تحت چلایا جائے گا، انٹرنیٹ کے ذریعے بکنگ کے ساتھ ساتھ بکنگ دفاتر بھی کھلے رہیں گے ، ٹرینوں کی بندش سے ریلوے کو ماہانہ 5 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔