لاہور، ملتان، فیصل آباد(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،نمائندگان) لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد ، ملتان ،ساہیوال،چونیاں اور دیگر بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کے حق میں ہسپتالوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے اور سڑکیں بلاک کر دیں۔ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں سکیورٹی کے بہتر انتظامات کرنے ، سروس سٹرکچر اور پروموشن کا مطالبہ کیا۔لاہور میں سروسزہسپتال کے ڈاکٹرز نے جیل روڈ،گنگارام کے مسیحاؤں نے کوئنز روڈ ، جنرل اور چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹرز نے فیروزپور روڈ، جناح ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے کینال روڈ کو بلاک کر دیا۔سڑکیں بلاک ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاجی ڈاکٹرز کے مطالبات میں ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی، ون بیڈ ون پیشنٹ کی پالیسی کا نفاذ اور تنخواہوں میں اضافہ بھی شامل ہے ۔ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج سے نہ صرف ہسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سڑکوں پر بھی عوام کو ذلیل وخوار ہونا پڑتا ہے ۔حکومت کو ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے خاتمے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنانا ہو گی۔سینئر نائب صدر وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر عاطف چودھری نے کہا کہ عرصہ دو سال سے ضلعی ہسپتالوں اور ٹیچنگ یونٹس کی بد حالی پر احتجاج کر رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات اور سہولتوں کا شدید فقدان ہے ۔ چیف جسٹس کے احکامات کے باوجود ڈاکٹرز سروس سٹرکچر سے محروم ہیں اور انتہائی غیر معقول روزگار کے عوض مشقت طلب کام کرنے پر مجبور ہیں۔ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ ٹریننگ میڈیکل آفیسرز کے ٹرانسفر پر ظالمانہ پابندی عائد ہے اور سالہا سال سے ایڈہاک پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کی نوکری محفوظ نہیں۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سمیت شہر کے تینوں سرکاری ہسپتالو ں میں ڈاکٹروں نے احتجاج کیا ہولی فیملی ہسپتال سے نکالا گیا احتجاجی جلوس بھی آر ایم یو میں جاملا۔ساہیوال میں ڈاکٹروں نے احتجاجی کیمپ بھی لگایا۔