لاہور(جنرل رپورٹر،92نیوزرپورٹ) پنجاب حکومت نے بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کوکل شام 6 بجے تک چلانے کی اجازت دیدی۔اس بات کا فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں کورونا کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں وزیرقانون راجہ بشارت، وزیرصحت یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں کوروناکا پھیلاؤ روکنے ، ویکسینیشن سنٹرزکی تعداد کو بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کو 10مئی کی شام 6 بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔راجہ بشارت کے مطابق 10 مئی شام 6 بجے سے 15 مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پرپابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں سب کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے ۔این سی او سی کے مطابق کورونا وبا کے حوالے سے آئندہ 15 سے 20 دن انتہائی اہم ہیں۔دریں اثنا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کی مناسبت سے آن لائن نیشنل تھیلیسیمیا ویبنارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب تھیلیسیمیا کے بچاؤ اور علاج کیلئے بنیادی اقدمات اٹھارہی ہے ۔تشخیص قبل از پیدائش کا ٹیسٹ کروانے سے بیماری سے بچاؤ ممکن ہے ۔