کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان میں ڈالر نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر196روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر200روپے سے صرف ایک روپیہ دوری پرہے ،سونا بھی 1500 روپے فی تولہ بڑھ گیا اورپاکستان سٹاک ایکس چینج میں معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی ۔ انٹر بینک میں 1.90روپے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید195.50 اورقیمت فروخت 196.50 روپے ہو گئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں 3.50 روپے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 194.50سے بڑھ کر198 اور قیمت فروخت 195.50 سے بڑھ کر199روپے پر جا پہنچی ۔ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے اضافے سے ایک لاکھ 38 ہزار 100 روپے جبکہ 10 گرام کی 1286 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 18 ہزار 398 روپے ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں کے ایس ای100انڈیکس میں 58.74پوائنٹس کا اضافہ ہوا ،جس سے انڈیکس 42667.32پوائنٹس سے بڑھ کر 42726.06پوائنٹس ہو گیا ۔ مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 9 ارب 1 کروڑ 14 لاکھ 26 ہزار469 روپے اضافے سے 70 کھرب 85 ارب 76 کروڑ48لاکھ1ہزار599روپے ہو گیا ۔ منگل کو 19کروڑ79لاکھ16ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 326کمپنیوں کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 171 کے حصص کی قیمتو ں میں اضافہ ،127میں کمی اور28 میں استحکام رہا ۔