ابو ظہبی (سپورٹس ڈیسک) ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو47رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 6 کا میلہ لوٹ لیا ۔ ابو ظہبی میں ٹاس جیت کر پشاور زلمی نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنانے میں کامیاب رہی ۔ ان فارم بیٹسمین صہیب مقصود نے سب سے زیادہ ناقابل شکست 65 رنز بنائے ۔ ریلی روسو50شان مسعود 37 اور کپتان محمد رضوان 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ پشاور زلمی کی طرف سے ثمین گل اور محمد عمران نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 159رنز بنا سکی ۔ زلمی کی طرف سے شعیب ملک نے 48سکور کیا جبکہ کامران اکمل 36،رومین پائول نے 23 رنز بنائے ۔ ملتان سلطانز کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے عمران طاہر نے 3 ،بلیسنگ موزاربانی اور عمران خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔ صہیب مقصود کو شاندار اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔محمد رضوان کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی کپتانی ملی اور انہوں نے اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنوا دیا۔ ٹورنامنٹ میں بابراعظم نے سب سے زیادہ 554 رنز بنائے ، دوسرے نمبر پر محمد رضوان رہے جنہوں نے 500 رنز بنائے ، صہیب مقصود 428 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر رہے ، ملتان کے شاہنواز دہانی 20 وکٹیں لیکر پہلے جبکہ وہاب ریاض 18وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔فتح پر ملتان کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے جشن منانا شروع کردیا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔