لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کی ٹیم نے تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کو تحویل میں لے لیا۔ اس حوالے سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ فیصل آباد میں 13سالہ یاسمین کو برتن ٹوٹنے پر مالکن نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مالکن کے تشدد کے بعد بچی گھر سے خوفزدہ ہو کر فرار ہو گئی۔ بچی کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بچی کے چہرے ، سر، ہاتھوں اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے میڈیکل کرادیا گیا ہے ۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے ۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کاوشوں کے باعث ملزم عثمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔