لاہور(نمائندہ خصوصی سے )آل پاکستان پراونشل سول سروس کی کال پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں صوبائی بیوروکریسی کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کا سلسلہ جمعتہ المبارک کو بھی جاری رہا، صوبائی افسروں نے اپنے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر دفتری امور سر انجام دئیے ۔اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایم ایس آفیسرز ایسویسی ایشن پنجاب طارق محمود اعوان نے کہا کہ صوبائی پوسٹس آئینی طور پر صوبائی بیوروکریسی کے لئے مختص ہیں صوبائی پوسٹس پر وفاقی بیوروکریسی کی تعیناتی وفاقی و پارلیمانی آئین کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔ بدقسمتی سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے صوبائی بیوروکریسی کے علامتی احتجاج پر توجہ نہیں دی اور صوبائی بیوروکریسی کو مکمل قلم چھوڑ ہڑتال کی جانب دھکیلا جا رہا ہے ۔