لاہور(محمد نواز سنگرا) وزیراعظم نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس)اور پاکستان پولیس سروس(پی ایس پی ) کے افسران کی صوبوں میں تعیناتیوں کے دوران سیاسی وابستگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں سیاست سے دور رہنے اور آئینی ذمہ داریاں ایمانداری سے پوری کرنے کیلئے متنبہ کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے نظریہ کے مطابق اداروں کو سیاست سے پاک اور خود مختار بنانے کیلئے حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق صوبوں میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان پولیس سروس کے افسران کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی اثرو رسوخ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے پنجاب،سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کیا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے صو بہ میں تعینات پی ایس پی اور پی اے ایس افسران کو انتظامی امور غیر جانبداری سے چلانے اور گورنمنٹ سرونٹ رولز 1964کے سیکشن 24اور29پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وزیر اعظم نے سخت ہدایت کی ہے کہ تمام صوبوں میں اہم پوسٹوں پر تعیناتیوں کو سیاست سے پاک کیا جائے اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان سروس آف پولیس کے افسران کو سختی سے ہدایت کی جائے کہ غیر جانبدارانہ اور انصاف پر مبنی فیصلے کریں تاکہ عوام کو انصاف ملے اور ادارے سیاست سے پاک ہوں اور بلا تعطل اور بغیر رکاوٹ کے انتظامی معاملات کو آگے بڑھایا جائے ۔ مراسلے میں سرکاری افسران اور ان کے بیوی بچوں کو سیاست سے دور رہنے ،سیاسی اثرو رسوخ قبول نہ کرنے ، حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت اور میرٹ پر فیصلے کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔مراسلے میں تمام وفاقی سروسز بالخصوص پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پاکستان پولیس سروس کے افسران کو انتظامی معاملات کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے سیاسی سرگرمیوں اور اثر و رسوخ کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔