ممبئی (نیٹ نیوز) عورتوں کے حقوق کیلئے آگے بڑھ کر بولنے والی بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے کہا ہے میں خوش قسمت ہوں کہ میرا تعلق ایسے گھرانے سے نہیں جہاں ایک دوسرے پر تنقید کرنا عام ہو، یا جہاں خواتین کو خاموش رہنے اور نیچے دیکھنے کا حکم دیا جاتا ہو۔ اداکارہ نے معاشرے کو تبدیل کرنے کیلئے ماؤں سے درخواست کی کہ وہ اپنے بیٹوں کو خدا کی طرف سے ملا ہوا کوئی قیمتی تحفہ سمجھنا بند کریں۔ سونم کپور نے کہا ہمارے ملک میں کئی طاقتور افراد موجود ہیں جو صرف مرد ہی نہیں خواتین بھی ہیں۔ می ٹو مہم پر باتے کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمیں اس لئے چپ نہیں رہنا چاہئے کہ ہم کسی کا دل دکھا سکتے ہیں، اگر آپ جانتے ہیں کہ کوئی غلط ہے تو اس کیخلاف آواز اٹھائیں، کیونکہ اگر آپ خاموش ہیں تو اس کا یہی مطلب ہے کہ آپ غلط انسان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اداکارہ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مذاق کے نام پر تنقید کرنے کا عمل ختم کیا جائیگا۔