لاہور ( رانا محمد عظیم) نوازشریف کا بیانیہ پاکستان میں موجود قیادت کیوں نہیں اپنا رہی، ن لیگ نوازشریف کے بیانیہ کو آگے لیکر کیوں نہیں جا رہی ،رپورٹ ملنے کے بعد نوازشریف سخت نالاں ہیں ،انہوں نے ن لیگ کے تمام ارکان اسمبلی اور اہم رہنماؤں کا فوری اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کر دی،چند اہم رہنماؤں کو برطانیہ بلوانے کا بھی فیصلہ کر لیا جہاں انہیں سخت ہدایات جاری کی جا ئیں گی ۔مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو رپورٹ دی گئی کہ ن لیگ کے کئی اہم رہنما جو اکثر ٹاک شوز میں جاتے ہیں ،عوامی رابطوں میں رہتے ہیں وہ حکومت پر تنقید تو کرتے ہیں مگر نوازشریف کے اداروں کے خلاف بیا نیہ کا کسی جگہ ذکر کرتے ہیں اور نہ ہی اس بیانیہ کو آگے لیکر چلتے ہیں، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے بیا نیہ کو مسلم لیگ لندن کا بیانیہ جبکہ ن لیگ کے سینئر رہنما اپنے بیا نیہ کو مسلم لیگ پاکستان کا بیانیہ کہتے ہیں ، نوازشریف کے بیا نیہ سے لا تعلقی نہ صرف ظاہر کرتے ہیں بلکہ نجی محافل میں اس کا اظہار بھی کرتے ہیں ،اس ضمن میں باقاعدہ کئی اراکین میٹنگز بھی کر چکے ہیں جس میں اس بیا نیہ کی مخالفت بھی کی گئی ہے ۔ نوازشریف نے رپورٹ ملنے کے بعد اپنے قریبی ساتھیوں کو فوری طور پر کہا ہے کہ ایک اجلاس بلایا جائے جس میں تمام اراکین اسمبلی اور اہم رہنما موجود ہوں جس میں واضح یہ کہا جا ئیگا کہ جو اس بیا نیہ سے پیچھے ہٹے گا یا بیانیہ کے ساتھ کھڑا نہیں ہو گا اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ۔