اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریلوے کو بزنس ماڈل کے تحت چلائیں گے ، خواتین بھی ریلوے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔6 سے 9 ماہ میں ریلوے میں نمایاں بہتری آئے گی اسے فخر پاکستان بنائیں گے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبہ، چیمبر آف کامرس، ویمن انٹر پرینیورزبھی ریلوے کی ترقی میں شامل ہو سکتے ہیں ۔ گزشتہ روز اعظم خان سواتی نے یہاں اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ویمن بزنس کنونشن سے خطاب میں کہا کہ خواتین سماجی،اقتصادی اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ،حکومت خواتین کو با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی حکومت کا وژن ہے کہ خواتین کو ہر شعبے میں سہولتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو معاشی حب ہونا چاہئے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا،پچھلے 50 سال میں 1.2ٹریلین روپے کا نقصان ہوا ہے ۔کوروناکے باعث صرف گزشتہ 6 ماہ میں ریلوے کو 20.3ارب کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ترقی کی بہت صلاحیت ہے ، ملک بھر میں ریلوے کی ایک لاکھ 67ہزار زمین کو ڈویلپ کریں گے ، بڑے بڑے قبضہ مافیاز نے پاکستان ریلوے کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے ،ان سے میں انشاء اللہ ایک ایک انچ واگزار کراؤں گا۔ ریلوے میں سیفٹی پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں،پاکستان ریلوے کو بہتر ی کے لئے کاروباری افراد کی مد د چا ہئے ۔کنونشن سے سمیڈا، ٹی ڈی اے پی، ٹی ڈیپ، ایف بی آر، آکسفیم، ہاشو فائونڈیشن کے نمائندوں ،یورپی یونین سفیر اندرولا کامینارا نے بھی خطاب کیا۔ ویمن کنونیئر نورین غفار، اسحاق شنواری ، عنبرین افتخار، فارینہ مظہر، تانیہ بٹر، عارف اللہ، سحر افشین اور عائشہ خان نے پریذنٹیشن دی۔