لاہور(حافظ فیض احمد)ریلوے پولیس حکام نے صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے کے بعد لاہور سمیت تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں اور دیگر اہم تنصیبات پر پولیس کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ ٹرینوں میں بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس حکام نے تمام ایس پیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ اپنی اپنی ڈویژنوں میں ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لیے پٹرولنگ کا سلسلہ بڑھا دیا جائے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی مسافر بغیر تلاشی کے پلیٹ فارم پر نہ جائے ۔ غیر متعلقہ افرادکو پلیٹ فارم سے باہر نکال دیا جائے ۔ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس حکام نے کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ریلوے سٹیشن ،کراچی ،سکھر،راولپنڈی،ملتان،خانیوال،حیدر آباد،کوئٹہ ،پشاور میں پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے علاوہ ازیں سادہ لباس پہنے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں جو 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں اپنی ڈیوٹیاں سرا نجام دیں گے ۔