اسلام آباد،فیصل آباد (این این آئی، 92 نیوز رپورٹ) )فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری سے چاروں صوبوں کے لیے تین بینچ تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق بے نامی کیسوں کی سماعت کے لئے ایڈجوکیٹنگ اتھارٹی کے بینچ بے نامی ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دیے گئے ہیں۔بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔ایف بی آر کے نوٹی فکیشن کے مطابق 'بینچ ون اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا (کے پی) کے مقدمات سنے گا۔بے نامی مقدمات کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا دوسرا بینچ راولپنڈی کے علاوہ پنجاب بھر کے مقدمات کی کارروائی کرے گا، تیسرا بینچ سندھ اور بلوچستان بھر کے بے نامی مقدمات سنے گا۔ایف بی آر کے مطابق تینوں بینچ انسدا بے نامی ٹرانزیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 7 ون سی اور ڈی کے تحت قائم کیے گئے ہیں ،جس کی منظوری وفاقی حکومت نے 17 ستمبر کو دے دی تھی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بینچوں کے قیام کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ادھرفیصل آباد میں بھی بے نامی جائیداد کا پہلا کیس منظرعام پر آ گیا، ضلعی انتظامیہ نے نواحی علاقے چک جھمرہ میں ایک ارب 24 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد پکڑ لی اور کارروائی کیلئے تفصیلات ایف بی آر کو ارسال کر دیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق 165 ر ب میں ایک مل مالک کی714 کنال 18 مرلے زرعی اراضی 3 افراد سلیم بھٹی، یاسین خان اور محمد اکبر کے نام تھی جو 1992 میں خریدی گئی، معاملہ عدالت میں پہنچا تو بھید کھل گیا۔