لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک کے 30بڑے ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی کے نظام کو بہتر اور مزید موثر بنانے کے لئے پلاننگ کمشن نے 15کروڑ روپے کی لاگت سے 600سے زائدجدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے خریدنے کی منظوری دیدی ہے۔سب سے زیادہ 48کیمرے لاہور ریلوے سٹیشن پر نصب کئے جائیں گے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ محکمہ ریلوے اس وقت توجہ کا مستحق ہے خصوصاً ریلوے سٹیشنوں پرمسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے حوالہ سے خصوصی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لحاظ سے ریلوے سٹیشنوں پر نگران کیمروں کی تنصیب خوش آئند فیصلہ ہے۔ لاہور ‘ کراچی‘ حیدر آباد‘ خانیوال اور کئی دیگر شہروں کے بڑے بڑے ریلوے سٹیشنوں پر روزانہ لاکھوں مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے جن کی سکیورٹی کا بظاہر کوئی خصوصی انتظام نہیں ہے‘ نگران کیمروں کی تنصیب سے ان ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی سے متعلق معاملات پر بہت حد تک قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور ریلوے سٹیشنوں پر نگران کیمروں کی جلد تنصیب کو یقینی بنایا جائے‘ اس کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے مسافر بس اڈوں کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا جائے اور وہاں بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا سکے اور بسوں اور کوچوں کے مسافروں کے سفر کو بھی زیادہ سے زیادہ محفوظ اور آرام دہ بنایا جا سکے۔