پشاور(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ قبل از وقت عام انتخابات کرانے میں کوئی قباحت نہیں، سب سے بڑے چور کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی بنا دیا گیا،نوازشریف کو شہباز شریف اور نثارکی بات اب سمجھ آرہی ہے ۔ آصف زرداری کی گرفتاری پر 2 سے 3 ہفتے ٹریلر چلے گا۔ہمارے پاس وسائل نہیں۔ ہمیں لٹا پٹا خزانہ ملا ہے ۔ انگریز جو ٹریک چھوڑ کر گیا ہے اس میں بھی کمی آئی ہے ۔ ریلوے ٹریک کا ڈھانچہ تبدیل کررہے ہیں ۔اس سلسلے میں پشاور سے کراچی تک نئے ٹریک کا معاہدہ مارچ سے پہلے کریں گے ۔رحمان بابا ایکسپریس کا کرایہ سب سے کم ہوگا اور ٹرین کم وقت میں کراچی پہنچے گی۔پشاورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہاں صرف غریب کو سزا ملتی ہے ۔ بڑے لوگ گرفتار بھی ہوئے تو اسپتالوں میں چلے جائیں گے ۔ ملک لوٹنے والے پاکستان میں معزز کیوں کہلائیں؟ انہوں نے کہا کہ کس قانون کے تحت ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر ہوتے ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ سب سے بڑے چور شہباز شریف کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھادیا گیاہے ۔ انہوں نے اپنی گوٹی فٹ کرلی ہے ۔ نواز شریف کیلئے 24 تاریخ اہم ہے ۔ نوازشریف کو شہباز شریف اورچوہدری نثارکی بات اب سمجھ آرہی ہے جبکہ آصف زرداری کی گرفتاری پر 2 سے 3 ہفتے ٹریلر چلے گا اور ہلکی پھلکی موسیقی ہوگی لیکن پکا راگ کسی کے پاس نہیں ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ میں پاکستان کا سب سے باخبر سیاستدان ہوں۔ ملک میں مزید مہنگائی ہو سکتی ہے جبکہ قبل از وقت عام انتخابات کرانے میں کوئی قباحت نہیں۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پشاور سے کراچی تک نئے ٹریک کا معاہدہ مارچ سے پہلے کریں گے ۔ ریلوے ٹریک کا ڈھانچہ تبدیل کرنے جارہے ہیں۔ ہمارے پاس وسائل نہیں اور 30 ارب روپے کا خسارہ ہے ۔شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنائے جانے پر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سیدھا سادہ سیاستدان ہے ۔ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا ہے ۔ سب سے بڑے چور کو پی اے سی کا چیئرمین بنا دیاگیاہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کہتے ہیں دل دکھتا ہے جب غریب کا حق مارا جاتا ہے ۔سب سے بڑے چور ڈاکو تو آپ ہیں۔