اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)تحریک انصاف کے کارکن جاوید بدر نے اپنے ہی وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے خلاف سٹیزن پورٹل میں شکایت درج کروادی۔ جاوید بدر کاشکایت کے حوالے سے کہناہے کہ وزیراعظم اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ بورڈمیں کروڑوں کی کرپشن کے حوالے سے خطوط لکھے تاہم وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی جانب سے میرے خط کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ نئے پاکستان میں ایک عام شہری بھی وزیراعظم کے خلاف شکایت درج کرواسکتا ہے ۔جاوید بدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور چیئرمین پی سی بی کوخطوط میں شکایت کا اصل مقصد وزیراعظم کی توجہ قومی کرکٹ ٹیم اور کرکٹ بورڈ کی نااہلیوں کی طرف دلاناتھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر جوڈیشل تحقیقات ہونا بہت ضروری ہیں کیونکہ احسان مانی نجم سیٹھی کی کرپشن پر پردہ ڈال رہے ہیں ۔جاوید بدرکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ناک کے نیچے کرکٹ بورڈمیں کرپشن ہورہی ہے ۔ میں پچھلے ایک سال سے پی ایس ایل کی آڈٹ رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست کر رہا ہوں مگر احسان مانی ٹال مٹول اور جھوٹ سے کام لیتے رہے ۔میری سٹیزن پورٹل کے توسط سے درخواست ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ،چیئرمین پی سی بی سے فوری طور پر میرے خطوط کا جواب طلب کرتے ہوئے پی ایس ایل کی آڈٹ رپورٹ جاری کی جائے ۔