اسلام آباد(عمرانہ کومل)پاکستان سمیت دنیا بھر میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کا دن گزشتہ روز منایا گیا ۔ یونیسیف کے مطابق حکومت پاکستان اور اسکے ترقیاتی شراکتداروں کی طرف سے متعلقہ پیچیدگیوں کی وجہ سے قبل از پیدائش اور نوزائیدہ اموات کو کم کرنے کیلئے نئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں کیونکہ ملک میں روزانہ 600 سے زیادہ نوزائیدہ پیدائش قبل از وقت کی وجہ سے فوت ہوجاتے ہیں۔پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ ایڈڈا گرما کا کہنا ہے کہ یونیسیف ملک بھر میں مدر کیئرجیسے منصوبوں کی کامیابی کیلئے حکومت پاکستان کی مدد کر رہا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ یونیسف نے پاکستان میں 12 سہولت مراکز بنائے ہیں جہاں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی بقا کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔یونیسیف نے زور دیا کہ صحت کی پالیسیاں اور خدمات کو تقویت بخش زچگی پر مبنی غذائیں اور ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی رسائی اور نگہداشت میں بہتری لاتے ہوئے قبل از وقت پیدائش اور نوزائیدہ اموات میں کمی کا ٹارگٹ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔