لاہور (نامہ نگار) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ تاجر اور ایف بی آر مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے ۔انہوں نے کہا چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ملاقات مفید رہی ، ملاقات میں جہانگیر ترین بھی موجود تھے جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اجمل بلوچ اور پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ نے تاجروں کی نمائندگی گی ، میٹنگ میں تاجروں اور ایف آر کے مابین معاہدے کی عملداری بارے مثبت پیش رفت ہوئی ہے ۔ نعیم میر کا کہنا تھاکہ تمام امور کے قانونی تحفظ کے لئے 25 دسمبر تک صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے جبکہ تاجروں کو دی جانیوالی تمام سہولتوں اور آسانیوں کا باضابطہ اعلان وزیراعظم عمران خان جنوری میں خود کریں گے ۔ ملک بھر سے 3 ہزار سے زائد تاجر نمائندوں کے نام ایف بی آر کی کمیٹیوں کے لئے بھیج دئیے گئے ہیں یہ کمیٹیاں اگلے ہفتے تک نوٹیفائی ہو جائیں گی، یہ کمیٹیاں نئے تاجروں کی انکم ٹیکس میں رجسٹریشن، باہمی تنازعات کے حل، ایک ہزار مربع فٹ کی دکان اورہول سیلرز کی سیلز ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن ، تاجروں کی ٹرن اوور کے تعین سمیت جملہ کاموں میں ایف بی آر اور تاجروں کے مابین مفاہمتی کردار ادا کریں گی، اردو میں آسان اور سادہ ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کا فارم بھی غور و غوص کے لئے ایف بی آر نے جاری کردیاہے ۔