اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ گذشتہ دنوں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر علی نواز اعوان اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین خرم شہزاد نواز کی طرف سے قومی اسمبلی میں مشترکہ طور پر پیش کردہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل متفقہ طور پر پاس کر دیا ہے جس پر وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری ایک دیرینہ مسئلہ حل کرانے میں دلچسپی لینے پر حکومت کی شکر گزار ہے ۔ امید ہے کہ مذکورہ ترمیمی بل سے کرایہ داروں اور مالکان کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی بل مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے بھی اسمبلی میں پیش کیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی وجہ سے قائمہ کمیٹی بل پاس نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری 1984سے نئے قانون کرایہ داری کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور اس کیلئے کئی مرتبہ ہڑتالیں بھی ہوئیں لیکن پینتیس سال کی جدوجہد کچھ نہ کر سکی۔