اسلام آباد(نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے بزنس کمیونٹی کی ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بزنس کمیونٹی ملکی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، نیب انسان دوست اور بزنس فرینڈلی ادارہ ہے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے ۔ نیب اب کاروباری طبقہ کے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے مقدمات شروع نہیں کرے گا اور جو مقدمات پہلے سے موجود ہیں ان کو قانون کے مطابق ایف بی آر کو واپس بھجوایا جائے گا۔ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی فلور ملز مالکان کو نیب ملتان کی جانب سے جو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ان کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے ،میں خود نوٹسز کا جائزہ لوں گا۔وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر انجینئر دارد خان اچکزئی کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے اعلیٰ سطح کے وفد سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نیب اقدامات سے تاجر برادری پریشان ہے ،تاجر برادری سے حقائق پر بات کروں گا، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا ہوئیں نہ ہوں گی۔ نیب مقدمات کی تفتیش کے دوران کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرتا ، چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد ہر ماہ کی آخری جمعرات کو لوگوں کی شکایات خود سننے کا فیصلہ کیا۔ ملکی مفاد، ضمیر، پاکستان اور معیشت کی بہتری، دیانتداری سے کام کرنے والے اور ہزاروں مزدوروں کو روزگار دینے والے تاجروں کو کسی صورت بھی ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ انہوں نے غریب لوگوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی ہے ۔ غریبوں کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگنے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا، ان سے لوٹی گئی دولت واپس لائیں اور غریبوں تک پہنچائیں گے ،یہ میرا فرض ہے ، نیب افسران قانون کے مطابق بد عنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تاجر برادری کی شکایات فوری نمٹانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر نیب کی سربراہی میں خصوصی ڈیسک قائم کیا گیاہے ، ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو تحفظ دینے والے تاجر کے مفاد کو تحفظ دیا جائے گا، ملک اربوں ڈالرز کا مقروض ہے ، یہ پیسے ملک کی ترقی کیلئے لئے گئے تھے لیکن ان کو عوام پر خرچ نہیں کیا گیا، اس پیسے کو خرچ کرنے والوں کو جوابدہ بنانا میرا فرض ہے ،اسے پہلے بھی پورا کر رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے وفد نے صدر انجینئر دارد خان اچکزئی کی سربراہی میں چیئرمین نیب کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ذاتی کاوشوں کو سراہا اور نیب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔