اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت امداد کی تقسیم میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سنٹر(این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور مہلک وبا کے بعد سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کاروباری افراد کیلئے 50 ارب کا امدادی پیکج تیار کیا گیا ہے جبکہ کاشتکاروں کیلئے 50 ارب کا ایگریکلچرل ریلیف پیکج اور شعبہ صحت کیلئے پچاس ارب کا امدادی پیکج تیار کیا گیا۔ حکومت عوام کودرپیش مشکلات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور حکومت شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ ملک میں طبی آلات کی کوئی قلت نہیں تھی اور وبا سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ عملے کے درست استعمال کی ضرورت تھی۔ٹیسٹنگ صلاحیت میں 14ہزار سے زائد اضافہ حوصلہ افزاہے ، عوام کووباکے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ احساس پروگرام کے تحت امداد کی تقسیم میں ایس او پیز پر عمل یقینی بنایا جائے ۔اسدعمر نے کہاکورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد عوام کو آگاہی دینے سے ہی ممکن ہے ،مارکیٹ ایسو سی ایشنز،تاجر تنظیمیں قواعد و ضوابط پر عملدرآمدیقینی بنائیں ،قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے پرمارکیٹ بندکردی جائے ۔ اجلاس میں وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے بریفنگ میں کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر مارکیٹ، صنعتوں کو وارننگ جاری کیں، پنجاب میں تاحال 336 وارننگ نوٹسز کااجراکیا جا چکا۔وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے تجویز پیش کی کہ ضلعی انتظامیہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے تاجر انجمنوں اور مقامی سٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر کام کرے ۔ این سی او سی کی بریفنگ میں بتایاگیاکہ پاکستان میں24گھنٹوں کے دوران ریکارڈ14878 کوروناٹیسٹ کیے گئے ،پاکستان میں کوروناٹیسٹنگ لیبارٹریزکی تعداد 70 ہوگئی ۔