اسلام آباد (ملک سعید اعوان) ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بیوروکریٹ کے چیف الیکشن کمشنر تعینات ہونے کے امکانات بن گئے ،سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح عہدے کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں، حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے تمام امیدوار بیورو کریٹس ہیں اور کسی کی جانب سے بھی ریٹائرڈ جج کا نام تجویز نہیںکیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں بابر یعقوب فتح بھی شامل ہیں۔ان کی بطور سیکرٹری الیکشن کمیشن تعیناتی ن لیگی دور میں ہوئی تھی۔ وہ اس سے قبل چیف سیکرٹری اور مختلف وزارتوںمیں سیکرٹری کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں، بابر یعقوب فتح رواںماہ کے آخر میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کے تجویز کردہ کسی نام پر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو الیکشن کمیشن میں پہلی بار ایک بیوروکریٹ (موجودہ یا سابق) چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات ہوگا۔سابق دور حکومت میں الیکشن کمیشن کی اصلاحات کے حوالے سے ترامیم کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لئے صرف ریٹائرڈ جج کی شرط ختم کرکے ریٹائر ڈبیوروکریٹ اور بیوروکریٹ کی تعیناتی کی بھی اجازت دی گئی تھی۔