اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار خصوصی ) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں وزیر اعلیٰ اور سپیکر کے درمیان معاملے کو مل بیٹھ کر حل کر لیا گیا ہے ، یہ بات انہوں نے اتوار کی رات منسٹرز کالونی میں بلائی گئی ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری ، وفاقی وزیر زبیدہ جلال،سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت دیگر رہنما موجود تھے ۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ بلوچستان میں وزیر اعلیٰ اور سپیکر کے درمیان معاملہ اب ختم ہو چکا ہے ۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ معاملے کو مشاورت سے حل کیا گیا،جو بھی وہاں تحریک عدم اعتماد لائے گا ہم اس کا سامنا کریں گے ، سپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بلوچستان کے مسئلے خوش اسلوبی سے حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اسد قیصر،قاسم سوری اور پرویز خٹک کا مشکور ہوں کہ ا نہوں نے مجھے سنا،جلد ایک کمیٹی بنا ئینگے جو وہاں آ کر ہمیں سنے گی ۔بڑوں کا کام ہوتا ہے تحفظات کو خوش اسلوبی سے حل کرنا۔بلوچستان عوامی پارٹی وطن عزیز پاکستان کو مضبوط کرنا چاہتی ہے ،میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ معاملے کو سنا گیا۔چیئرمین صاحب خوش قسمتی سے ہمارے معاملات کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ہم کہیں گے کہ بلوچستان کو مضبوط کریں تو پاکستان مضبوط ہو گا۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک کمیٹی بنائی ہے کہ اتحادیوں میں اور ہم میں تقسیم پیدا نہ ہو ،ابھی پنجاب اور بلوچستان کے مسائل حل ہو گئے کے پی کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہے ،جو پارٹی کی خلاف ورزی کر یگا، عوام میں جائے گا اورپارٹی کی بدنامی کرے گا اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔