لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر محمد طیب نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ اہلیت اور قابلیت میں اضافے کے لئے ریفریشرر کورسز میں شمولیت کو مستقل شعار بنائیں تاکہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اپنے نالج کو اپ ڈیٹ رکھ سکیں ۔ وہ گزشتہ روز شعبہ سرجری کے زیر اہتمام ایف سی پی ایس اور ایم ایس کے میڈیکل سٹوڈنٹس کے لئے منعقدہ5روزہ تربیتی و تکنیکی کورس کے اختتامی سیشن کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے ۔ پروفیسر طیب نے کہا کہ ملک بھر سے 65 ڈاکٹرز نے کورس کامیابی سے مکمل کیاہے۔ جنرل ہسپتال کا شعبہ سرجری اس ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد کا مستحق ہے ۔پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا تبدیلی کا خواب ہم سب نے مل کر شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔ اور خاص طور پر صحت کے شعبے سے وابستہ عوام کی توقعات پورا کرنے میں ہمیں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے ۔