کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان کے غریب عوام پرڈال رہی ہے ،اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویداروں نے گذشتہ 9 ماہ میں اس ریاست کوظلم کی ریاست بنادیا ہے ،وزیراعظم سمیت حکومتی معاشی ٹیم کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے ،ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھردینے کا وعدہ کرنیوالے عمران خان کی حکومت نے اب تک 30 لاکھ لوگوں کو بے روزگار اورہزاروں خاندانوں کو بے گھرکردیا ہے ،عوام تیزی سے غربت کی لکیرسے نیچے گررہے ہیں،اگلے چند ماہ میں 90 لاکھ افراد خط غربت سے نیچے ہونگے ،تبدیلی کے خواب مہنگائی کے عذاب میں تبدیل ہوچکے ہیں،ملک کا موجودہ نظام ناکام ہوچکا، عمران خان آخری امید تھے اوروہ بھی ناکام ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناتجربہ کاری اورنااہلی سے ملک و قوم کوناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ،انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفورواپس لیا جائے ۔