اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں گیم چینجر ثابت ہوگا جبکہ چینی کمپنیوں نے پاکستان میں تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس میں چینی بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان اور پاکستان میں چین کے سفیر بھی موجودتھے ۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، چین کی قیادت کے وژن اور تدبر خصوصا امن و ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے ضمن میں گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی شعبہ قائم کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ملاقات میں چینی سفیر نے وفد میں شامل مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی کمپنیوں کی دلچسپی کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ مضبوط ، خوشحال اور نیاپاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے ، صنعتی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں چین کی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سی پیک منصوبوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔دریں اثناوزیر اعظم کی زیر صدارت نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں قانونی و انتظامی امورپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔وزیر اعظم کی زیرصدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کابھی اجلاس ہوا۔ چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیرگیلانی نے نئی اسٹرٹیجی برائے 2020-2024کا پہلاتجویز کردہ مسودہ بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کاروبار کے حوالے سے وفاقی و صوبائی قوانین کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی آبادی میں نوجوانوں کی کثیر تعداد،ارزاں ورک فورس کی دستیابی اور لبرل حکومتی پالیسی سرمایہ کاری کے لئے نہایت موزوں ماحول فراہم کرتی ہیں جس سے بھرپور استفادہ کیا جا نا چاہیے ۔وزیراعظم عمران خان سے سینئر وزیر خیبرپختون خواہ عاطف خان اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیض اﷲ کموکا نے ملاقات کی ہے ۔